اسلام آباد: حکومت نے ریاست کے خلاف بغاوت کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ریاست کے خلاف بغاوت اور اس پر اکسانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی اور اس کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے تحت ترامیم کی منظوری لی گئی۔ بغاوت اور اس پر اکسانے پر مقدمہ درج کرنے کا اختیار سیکشن 196 کے تحت سیکرٹری داخلہ کو تفویض کیا گیا۔ صوبائی حکومتیں بھی ریاست کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کرا سکیں گی۔
ذرائع کے مطابق متلعقہ عدالت سیکرٹری داخلہ کی منظوری کے بغیر درج ہونیوالے مقدمے کا ٹرایل نہیں کرے گی بلکہ سیکشن 153 اے سمیت 5 سیکشن کے تحت مقدمہ سیکرٹری داخلہ کی منظوری سے ہو گا اور سیکرٹری داخلہ کے علاوہ صوبائی حکومتوں کی منظوری سے بھی مقدمہ کا اندراج ہو گا۔