اسلام آباد:مسلم لیگ ( ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کیس کو آگے نہیں بڑھایاگیا تاکہ تلوار لٹکتی رہے، یہ جانتےہیں شہبازشریف باہررہےتوان کیلئے مشکلات کھڑی ہوتی رہیں گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ سوا سال گزر گیا ایف آئی اے شہبازشریف کیخلاف کوئی ثبوت جمع نہ کراسکی،یہ جس کیس میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں اس کا چالان نہیں، لیگی رہنما نے مزید کہا کہ شہباز شریف پر آج تک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے کیسز کا کوئی احتساب نہیں، احتساب کی باری آئے تو اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ کورونافنڈ میں 40 ارب کا ڈاکا ڈالا گیا ہے،کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھمکیاں دی جاتی ہیں فارن فنڈنگ،آٹا،چینی چوری پر بات نہ کریں، انہوں نے واضح کیا کہ انہیں جوبھی ظلم کرنا ہےجتنے کیس بنانے ہیں بنالیں،ہم ڈرنے والے نہیں۔