Get Alerts

پی ٹی آئی کی 23 رکنی سیاسی کمیٹی قائم، پارلیمانی پالیسی لائن کی ذمہ داری سونپ دی گئی

پی ٹی آئی کی 23 رکنی سیاسی کمیٹی قائم، پارلیمانی پالیسی لائن کی ذمہ داری سونپ دی گئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی معاملات اور پارلیمانی حکمتِ عملی کو مربوط بنانے کے لیے 23 اراکین پر مشتمل سیاسی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیا، جس کے مطابق کمیٹی 12 دسمبر سے فوری طور پر مؤثر ہو گئی ہے۔

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیاسی کمیٹی پارلیمانی ونگز اور اسمبلیوں کے لیے پالیسی لائن طے کرے گی، جبکہ ضرورت کے مطابق تقرریاں اور تبدیلیاں بھی کی جا سکیں گی۔ پارٹی نے تجربہ کار اراکین پر مشتمل سب کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

تشکیل شدہ کمیٹی میں چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی اور سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، آؤٹ گوئنگ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سابق سینیٹ اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی اور سابق اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اوورسیز چیپٹر کے سیکرٹری سجاد برکی، صوبائی آرگنائزرز عالیہ حمزہ، جنید اکبر، حلیم عادل شیخ اور داؤد کاکڑ کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی نمائندگی خالد خورشید اور سردار قیوم نیازی کریں گے۔

ٹی ٹی اے پی کے سیکرٹری جنرل اسد قیصر، چیف وہپ قومی اسمبلی عامر ڈوگر، سینیٹ میں لیڈر آف اپوزیشن کی کوآرڈینیٹر فوزیہ ارشد، ویمن ونگ کی صدر کنول شوزاب اور مینارٹیز ونگ کے صدر لال چند ملہی بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے مطابق سیاسی کمیٹی پارلیمانی معاملات میں رہنمائی فراہم کرے گی اور اسمبلیوں میں پارٹی کے متفقہ مؤقف کو یقینی بنائے گی۔

ٹیگز: