Get Alerts

میانوالی کی تقدیر بدلنے کا وقت آ گیا: مریم نواز کا میڈیکل، زرعی اور لا کالج بنانے کا اعلان

میانوالی کی تقدیر بدلنے کا وقت آ گیا: مریم نواز کا میڈیکل، زرعی اور لا کالج بنانے کا اعلان

میانوالی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میانوالی میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں اور تعلیمی اداروں کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت اب میانوالی کے عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز پر فراہم کرے گی اور اب کسی کو اپنے حقوق کے لیے بھیک نہیں مانگنی پڑے گی۔
وزیراعلیٰ نے میانوالی کے نوجوانوں اور عوام کے لیے درج ذیل بڑے منصوبوں کی خوشخبری سنائی۔ شہر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل کالج، زرعی کالج اور لا کالج کا قیام، میانوالی میں دل کا ہسپتال بنانے کا اعلان اور فالج کے مریضوں کے لیے لاکھوں روپے کے مفت علاج کی فراہمی،شہر کے لیے گرین بس سروس کا تحفہ اور کسانوں کو مفت زرعی اراضی دینے کا وعدہ۔
مریم نواز نے اپنے خطاب میں سابقہ دورِ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا میانوالی کے نام پر 4 سال ملک پر حکومت کی گئی لیکن شہر میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ اب عوام کسی فراڈیے کو ووٹ نہ دیں، کیونکہ پنجاب حکومت 3 سال میں صوبے کی قسمت بدل دے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں گزشتہ 2 سالوں کے دوران ہونے والے ترقیاتی کام گزشتہ 20 سالوں پر بھاری ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان کے دوران 40 لاکھ مستحق افراد کو 10،10 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے لوگ اب خوش ہیں کیونکہ ان کے گھر اور زندگیاں آباد ہو رہی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ میانوالی اب پسماندہ نہیں رہے گا اور یہاں کے عوام کو بھی وہی سہولیات ملیں گی جو بڑے شہروں کا خاصہ ہیں۔

ٹیگز: