اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جیل میں کسی بھی دوسرے قیدی کے مقابلے میں کہیں زیادہ مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان کے اہل خانہ کی جانب سے بین الاقوامی میڈیا پر بانی پی ٹی آئی سے مبینہ بدسلوکی کا جو بیانیہ بنایا گیا تھا، وہ اب مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حال ہی میں سامنے آنے والی جیل رپورٹس، جن میں ان کے روزمرہ معمولات اور خوراک کی تفصیلات درج ہیں، نے تمام شکوک و شبہات کو ختم کر دیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تمام سلوک قانون اور جیل مینوئل کے مطابق کیا جا رہا ہے۔
انہیں وہ تمام ضروری اور اضافی سہولیات میسر ہیں جو عام قیدیوں کو حاصل نہیں ہوتیں۔ حکومت شفافیت پر یقین رکھتی ہے، اسی لیے حقائق عوام کے سامنے لائے گئے تاکہ غلط پروپیگنڈے کا قلع قمع کیا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو دی جانے والی سہولیات اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت کسی قسم کی انتقامی کارروائی کے بجائے ضابطے کی پابندی کر رہی ہے۔