Get Alerts

عمر کے ساتھ دماغ کو تیز رکھنے کا آسان طریقہ، تحقیق میں انکشاف

عمر کے ساتھ دماغ کو تیز رکھنے کا آسان طریقہ، تحقیق میں انکشاف

واشنگٹن: امریکا کی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مطالعہ کرنا، لکھنا یا نئی زبان سیکھنا دماغ کو صحت مند رکھنے اور عمر کے ساتھ دماغی کمزوری سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

رش یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسی سرگرمیاں دماغی تنزلی اور الزائمر جیسے امراض کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کر دیتی ہیں۔ خیال رہے کہ ڈیمینشیا ایک ایسا مرض ہے جس کا کوئی موجودہ علاج نہیں اور توقع ہے کہ 2050 تک دنیا بھر میں اس کے مریضوں کی تعداد 15 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔

تحقیق میں 1,939 افراد کو شامل کیا گیا جن کی اوسط عمر 80 سال تھی اور آغاز میں کوئی بھی ڈیمینشیا کا شکار نہیں تھا۔ ان کی دماغی صحت کا جائزہ 8 سال تک لیا گیا اور انہیں تین مختلف مراحل میں ذہنی سرگرمیوں میں شامل کیا گیا۔

محققین نے معلوم کیا کہ افراد نے نوجوانی اور درمیانی عمر میں مطالعہ، لکھنے یا کسی نئی زبان کو سیکھنے میں کس حد تک دلچسپی دکھائی۔ تحقیق کے اختتام پر 551 افراد میں الزائمر کی تشخیص ہوئی جبکہ 719 میں معمولی دماغی تنزلی ریکارڈ کی گئی۔

تمام عوامل کا جائزہ لینے کے بعد یہ معلوم ہوا کہ زندگی بھر مطالعہ، لکھنا اور نئی زبان سیکھنے جیسی سرگرمیاں دماغی تنزلی کے خطرے کو 36 فیصد اور ڈیمینشیا کے خطرے کو 38 فیصد تک کم کر دیتی ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ ہر عمر میں دماغ کو فعال رکھنے والی سرگرمیوں کو معمول بنانا ذہنی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔

ٹیگز: