عائشہ گلالئی نے قصور واقعہ کا سبب ناچ گانا اور گالی گلوچ کے کلچر کو قرار دے دیا

عائشہ گلالئی نے قصور واقعہ کا سبب ناچ گانا اور گالی گلوچ کے کلچر کو قرار دے دیا

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے قصور میں ننھی زینب کے زیادتی کے بعد قتل کا سبب ناچ گانے اور گالی گلوچ کے کلچر کو قرار دیتے ہوئے عمران خان پر نئے الزامات عائد کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق عائشہ گلالئی اپنے ویڈیو پیغام میں ایک مرتبہ پھر عمران خان پر برس پڑیں اور قصور میں انتہائی دردناک واقعے کا ذمہ دار ناچ گانے اور گالم گلوچ کے کلچر کو قرار دیدتے ہوئے کہا کہ 7 سالہ زینب کے ساتھ جو بھی ہوا وہ ایک المناک واقعہ ہے۔ اس سے قبل بھی قصور میں ایسے واقعات ہوتے رہے ہیں، صرف قصور نہیں بلکہ پاکستان کے اور بھی علاقوں میں ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔


کہیں پر بچوں کا قتل ہو جاتا ہے اور  کہیں پر نہیں جبکہ والدین بھی اس چیز کی رپورٹ کرنے میں شرم محسوس کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کئی سے زیادہ کیس تو رپورٹ ہی نہیں ہوتے۔عائشہ گلالئی نے زینب کے والدین سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری زینب کے والدین کے ساتھ دعائیں ہیں اللہ ان کو صبر عطا کرے۔

انہوں نے قصور واقعہ کا ذمہ دار ملک کے سیاستدانوں کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ قصور واقعہ ملک کے سیاستدانوں کے اعمال کا نتیجہ ہے۔ کیونکہ جس معاشرے میں لیڈروں کے درمیان گانے بجانے اور رقص کے مقابلے ہونے لگیں ، جہاں پر لیڈرز بدکردار ہوں ، جہاں بدزبانی کی جاتی ہو ، تو وہ معاشرہ اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار ہو ہی جاتا ہے۔


منحرف رہنما نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ میں نے عمران خان سے بڑا جھوٹا اور منافق انسان نہیں دیکھا۔ عمران خان نے پیری فقیری اور طلاق کو معاشرے میں متعارف کروایا۔ ناچ گانے اور گالم گلوچ کے کلچر نے معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا۔