25 جولائی کو آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہے ہیں: شیخ رشید

PTI, government, Azad Kashmir, July 25, Sheikh Rasheed

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل ہی مریم نواز اور بلاول بھٹو نے شور شروع کر دیا ہے ۔ 25 جولائی کو آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہے ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن کیلئے سیکیورٹی اہلکار بھیجے جا رہے ہیں ، آزاد کشمیر الیکشن کیلئے پاک فوج بھی ضرورت پڑنے پر تیار ہوگی ۔ آزاد کشمیر الیکشن میں پولنگ دفتر میں فوج تعینات نہیں کی جارہی ۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز میں دھرنا دینے کی خواہش تڑپ رہی ہے ۔ وہ دھرنے کیلئے تیار رہیں ، حکومت قانونی طور پر ہر وہ قدم اٹھائے گی جو لازمی ہوگا ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو ہمیشہ نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے ۔ فیٹف میں بھی بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کی بھرپور کوشش کی ۔ پاک فوج اور اداروں نے بھارت کی ہر سازش کو ناکام کیا ہے ۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہشمند ہے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرے پاس ای سی ایل سے نام نکالنے کی کوئی درخواست نہیں آئی ، شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بھی کوئی درخواست نہیں آئی ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے متعلق پالیسی وزارت خارجہ بہتر بتاسکتی ہے ۔ ٹی ایل پی سے متعلق سمری کابینہ کو بھیج دی ہے ۔ ٹی ایل پی کے مستقل کا فیصلہ کل کابینہ اجلاس میں ہوگا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے گا ۔