اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مربوط اقدامات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ چائلڈ لیبر کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ بچوں کو مشقت اور استحصال سے بچانا ہر فرد، حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف پاکستان کا نہیں بلکہ عالمی چیلنج ہے، جس کے حل کے لیے بین الاقوامی سطح پر تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے چائلڈ لیبر روکنے کے لیے کیے گئے قوانین، بحالی کے نظام اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قائم کیے گئے اداروں کا ذکر کیا۔ صدر نے آجران کو تاکید کی کہ وہ قوانین کی مکمل پابندی کریں اور کام کی جگہوں کو بچوں کے استحصال سے پاک رکھیں۔
صدر نے والدین اور سرپرستوں سے بھی اپیل کی کہ وہ فوری مالی فائدے کے بجائے بچوں کی تعلیم کو ترجیح دیں اور تعلیمی اداروں و اساتذہ کو ایسے بچوں کی شناخت اور مدد کرنے کی ہدایت دی جو سکول چھوڑنے کے خطرے میں ہوں۔ انہوں نے میڈیا، سول سوسائٹی اور خیراتی اداروں سے بھی کہا کہ وہ ضرورت مند خاندانوں کی مدد کریں تاکہ کوئی بچہ غربت کی وجہ سے مزدوری پر مجبور نہ ہو۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر بچوں کے استحصال کے خلاف کام کر رہا ہے اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے کوششیں مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے شکار بچے نہ صرف جسمانی و ذہنی تشدد کا شکار ہوتے ہیں بلکہ تعلیم اور بچپن سے بھی محروم رہ جاتے ہیں۔
شہباز شریف نے اپنے اور حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے پوری سنجیدگی سے کام کریں گے تاکہ ہر بچہ محفوظ، تعلیم یافتہ اور خوشحال مستقبل حاصل کر سکے۔