Get Alerts

ایشا رِکھی نے بادشاہ سے شادی کی تصدیق کر دی

ایشا رِکھی نے بادشاہ سے شادی کی تصدیق کر دی

ممبئی: بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل ایشا رِکھی نے گلوکار اور ریپر بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر منعقد ہونے والے ایک سوال و جواب سیشن کے دوران مداحوں کے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

مداحوں کی جانب سے سب سے زیادہ پوچھا جانے والا سوال یہ تھا کہ اگر وہ دونوں ازدواجی رشتے میں بندھ چکے ہیں تو پھر سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو فالو کیوں نہیں کرتے۔ اس سوال کے جواب میں ایشا رِکھی نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ وہ اس موضوع سے کافی حد تک تنگ آ چکی ہیں اور واضح کیا کہ ان کی شادی ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کی وضاحت ان کے شوہر کو کرنی چاہیے، اور بادشاہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ عوام کے سوالات موجود ہیں، اس کا جلد جواب دیا جائے۔

ایک اور سوال کے جواب میں، جس میں پوچھا گیا کہ انہوں نے کبھی بادشاہ کے ساتھ کوئی تصویر شیئر کیوں نہیں کی، اداکارہ نے پہلی بار جوڑے کی ایک نایاب تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ اس تصویر میں دونوں کو خوشگوار اور محبت بھرے انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ تصویر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی اور مداحوں کی بڑی تعداد نے جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ایشا رِکھی اور بادشاہ کی شادی سے متعلق افواہیں پہلی بار مارچ میں اس وقت سامنے آئی تھیں جب اداکارہ کی والدہ کی جانب سے کچھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئی تھیں جنہیں صارفین نے شادی کی تقریبات سے جوڑ دیا تھا، تاہم اس وقت دونوں کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

ٹیگز: