رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے قریب آنے کی وجہ سامنے آگئی

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے قریب آنے کی وجہ سامنے آگئی

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور ہیرو رنبیر کپور اپنی قربتوں کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں، دپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف کے بعد آج کل وہ عالیہ بھٹ کے بہت قریب ہوگئے ہیں۔

خبریں ہیں کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ میں رومانوی تعلقات پیدا ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے دونوں ایک دوسرے کے ساتھ دیکھے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل عالیہ بھٹ کے اداکارہ سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ تعلقات جوڑے جاتے رہے ہیں، تاہم گزشتہ چند ماہ سے ان دونوں کے درمیان دوریاں بڑھنے کی وجہ سے اداکارہ کی جانب سے نئے تعلقات بنانے کی افواہیں گرم ہیں۔

دونوں اداکاروں کے درمیان قربتیں اس وقت بڑھیں جب دونوں اپنی آنے والی فلم ’براہمسترا‘ کی شوٹنگ کے لیے اسرائیل کے شہر تل ابیب پہنچے۔ دونوں اداکار ’براہمسترا‘ کی شوٹنگ کے لیے گزشتہ ہفتے ہی اسرائیل گئے تھے، تاہم وہ 2 دن قبل بھارت میں ہونے والے ’فلم فیئر ایوارڈز‘ کی تقریب میں شرکت کے لیے واپس آئے۔ دونوں اداکاروں کو ایوارڈ تقریب میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا۔

’’براہمسترا‘ ‘دونوں کی ایک ساتھ پہلی فلم ہے، اس فلم کی ہدایات ایان مکھر جی دے رہے ہیں۔ ایڈونچر اور محبت کے گرد گھومنے والی اس فلم میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ رومانس کرتے نظر آئیں گے۔ اس فلم میں امیتابھ بچن اور مونی راؤ بھی ہوں گی۔ ہدایت کار ایان مکھرجی کی اس فلم کو اگست 2019 میں ریلیز کیا جائے گا۔