سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی قرعہ اندازی آج ہو گی

سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی قرعہ اندازی آج ہو گی
کیپشن: اس مرتبہ ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی قرعہ اندازی آج شام 4 بجے وفاقی دارالحکومت میں ہو گی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ درخواست گزاروں کو نتائج کی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس دی جائے گی جب کہ وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر بھی نتائج کی فہرست جاری کی جائے گی۔

اس مرتبہ ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے جس میں سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 اور نجی اسکیم کے ذریعے 71 ہزار 684 عازمین حجاز مقدس جائیں گے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے مقرر کیے گئے ہیں اور حاجیوں کو قربانی کے لیے 19 ہزار 451 روپے الگ سے ادا کرنا ہوں گے۔