کراچی: سی ویو پر میاں بیوی کو ہراساں کرنیوالے 3 پولیس اہلکار برطرف

کراچی: سی ویو پر میاں بیوی کو ہراساں کرنیوالے 3 پولیس اہلکار برطرف
کیپشن: گزشتہ روز ساؤتھ زون کے 4 پولیس اہلکاروں نے سی ویو پر میاں بیوی کو ہراساں کیا تھا۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ فیس بُک

کراچی: ساحل سمندر پر میاں بیوی کو ہراساں کرنے والے تین پولیس اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ کراچی پولیس کے اہلکاروں نے ایڈیشنل آئی جی کے احکامات کی دھجیاں اڑادیں اور سی ویو کے ساحل پر شہریوں کو ہراساں کرنے سے باز نہ آئے۔

ضلع جنوبی کے پولیس اہلکاروں نے سی ویو پر میاں بیوی کو ہراساں کرنے کی کوشش کی جس پر شہری کی جانب سے ویڈیو بنانے پر پولیس اہلکاروں نے میاں بیوی پر تشدد کیا۔

ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو نہ صرف دونوں پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے بلکہ شہریوں کی جانب سے میاں بیوی بتائے جانے پر بھی پولیس اہلکار خاتون سے دست اندازی کرتے رہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے واقعے کا نوٹس لے کر چاروں اہلکاروں کو معطل کیا تھا اور ان کی برطرف کا بھی اعلان کیا تھا۔ تاہم ابتدائی طور پر تین اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق برطرف اہلکاروں میں احمد خان، زاہد علی اور قربان علی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق تین اہلکار اے ایس آئی ذوالفقار علی، احمد خان اور قربان علی کوارٹر گارڈ ہیں جب کہ زاہد علی فرار ہے۔