منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی سپیشل کورٹ سینٹرل نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کیلئے 25 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سپیشل جج سینٹرل اعجاز حسن اعوان نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا ہے جس کے مطابق عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے منی لانڈرنگ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے 25 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔
سپیشل کورٹ سینٹرل لاہور کی جانب سے شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر دلائل بھی 25 مارچ کو ہی طلب کئے گئے ہیں جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاءکو دائرہ اختیار پر بحث کیلئے بھی طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت کے موقع پر لاہور کی سپیشل کورٹ سینٹرل نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی روزانہ سماعت کی ایف آئی اے کی درخواست خارج کر دی تھی اور تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 25 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے کو بینکرز کے بیانات کی نقول ملزمان کو فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔