اسلام آباد/کراچی: سندھ کی سیاست میں بڑا الٹ پھیر، وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹا کر مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما نہال ہاشمی کو نیا گورنر سندھ تعینات کر دیا ہے۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد گورنر ہاؤس کراچی میں 'پتنگ' کٹ گئی اور 'شیر' کا راج قائم ہو گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ایک اہم ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی کو نئے منصب پر تعیناتی کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔اکتوبر 2022 سے عہدے پر فائز کامران ٹیسوری کی رخصتی کے بعد اب مسلم لیگ (ن) کے نہال ہاشمی صوبے کے نئے آئینی سربراہ ہوں گے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ تبدیلی وفاقی حکومت کے تازہ ترین سیاسی فیصلوں کا حصہ ہے۔
کامران ٹیسوری اکتوبر 2022 میں گورنر سندھ مقرر ہوئے تھے، تاہم حالیہ سیاسی صورتحال اور ن لیگ کے وفاق میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے باعث یہ بڑی تبدیلی عمل میں لائی گئی ہے، جسے ایم کیو ایم پاکستان کے لیے ایک بڑا سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔