Get Alerts

تقسیم کشمیر کسی بھی صورت حکومت پاکستان کا ایجنڈا نہیں ،سردار مسعودخان

تقسیم کشمیر کسی بھی صورت حکومت پاکستان کا ایجنڈا نہیں ،سردار مسعودخان

نیلم :  صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعودخان نے کہا ہے کہ تقسیم کشمیر کسی بھی صورت حکومت پاکستان کا ایجنڈا نہیں پاکستان و آزاد کشمیر کی حکومتیں مسلئہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی داعی اور محافظ ہیں۔ ہم مسلئہ کشمیر کے بنیادی فریم ورک اور حثیت کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کی بدولت مسلئہ کشمیر عالمی سطع پر زندہ ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادیں قابل عمل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تقسیم کشمیر کے حوالے سے کسی پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔ اس ایجنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔یہ سی پیک منصوبے کو سپو تاژ کرنے کی سازش ہوسکتی ہے ، سی پیک کے تحت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں میگا پراجیکٹ لگائے جائیں گے ،گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی کسی صورت حمائت نہیں کرسکتے۔ پاکستان و آزاد کشمیر کا آپس میں رشتہ اٹوٹنگ ہے اس رشتہ کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا اس حوالے سے موقف واضح اور دو ٹوک ہے مسلئہ کشمیر کو عالمی سطع پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔اقوام متحدہ سمیت سلامتی کونسل کی طرف سے کردار ادا نہ کرنا نا انصافی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام یہاں ضلع نیلم کے سنئیر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ضلع نیلم کا ان کا یہ پہلا دورہ ہے نیلم ویلی حقیقی معنوں میں جنت نظیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیلم میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق و زخمیوں کو معاوضہ جات کی عدم ادائیگی،کا فوری نوٹس لیا جائے گا،نیلم کے عوام سے کوئی نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی کنٹرول لائن کے قریب بھارتی گولہ باری کے متاثرین کو بھی معاوضہ دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے لوگوں کو پختہ بنکرز کی تعمیر کے لیئے بھی حکومت اقدامات کرے گی۔