Get Alerts

بھارت میں جنگ بندی کے باوجود 32 ایئرپورٹس بند، 444 پروازیں منسوخ

بھارت میں جنگ بندی کے باوجود 32 ایئرپورٹس بند، 444 پروازیں منسوخ

نئی دہلی:بھارت میں جنگ بندی کے باوجود مختلف ریاستوں کے 32 ایئرپورٹس مسلسل بند ہیں جبکہ اندرون و بیرون ملک جانے والی 444 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی خدشات، ممکنہ فوجی سرگرمیوں اور دیگر انتظامی وجوہات کے باعث فلائٹ آپریشن معطل ہے، جبکہ متعدد ہوائی اڈوں سے تمام طیارے بھی ہٹا لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امرتسر، سری نگر، جموں، لداخ، دھرم شالا، شملہ، آدم پور، چندی گڑھ اور دیگر شہروں کے ہوائی اڈے مکمل طور پر بند ہیں۔ صرف امرتسر ایئرپورٹ سے روزانہ 123 پروازیں روانہ ہوتی تھیں، جو تمام منسوخ کردی گئی ہیں۔ سری نگر ایئرپورٹ سے بھی روزانہ کی بنیاد پر 65 پروازیں روانہ ہوتی تھیں، تاہم وہاں سے سات دن سے کوئی فلائٹ آپریٹ نہیں ہوئی۔

لداخ کے لیہ کوشک ایئرپورٹ، جموں ایئرپورٹ، دھرمشالہ اور چندی گڑھ جیسے مقامات سے بھی تمام پروازیں بند ہیں جبکہ وہاں موجود مسافر طیارے یا تو گراؤنڈ کر دیے گئے ہیں یا واپس بلا لیے گئے ہیں۔ راجکوٹ، بھوج، جودھ پور، شملہ، لدھیانہ، بٹھنڈا، جیسل میر اور دیگر چھوٹے شہروں کے ایئرپورٹس پر بھی یہی صورتحال برقرار ہے، جہاں یا تو کوئی پرواز روانہ نہیں ہو رہی یا چند تربیتی یا فوجی طیارے گراؤنڈ پر موجود ہیں۔

بعض ہوائی اڈوں جیسے کشن گڑھ، بیکانیر، مہاراجہ اگرسین (ہریانہ) پر موجود مخصوص جہاز مثلاً گلوبل رینجر، پائپر آرچر یا ہرکولیس C-130 جے 30 کی موجودگی سے عندیہ ملتا ہے کہ ان ایئرپورٹس کو فی الحال دفاعی یا تربیتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

حکام کی جانب سے ابھی تک فلائٹ آپریشن کی مکمل بحالی سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سفری منصوبہ بندی سے قبل متعلقہ ایئرلائنز یا ایئرپورٹس سے معلومات حاصل کریں۔

ٹیگز: