واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تصادم کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر میں مدد فراہم کی۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو روکنے کے لیے بھرپور دباؤ ڈالا، اور میں نے دونوں ممالک سے کہا کہ وہ لڑائی روکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "امریکہ پاک بھارت تجارت میں مدد کرنے کے لیے بھی تیار ہے اور میں جلد پاکستان سے بات کرنے والا ہوں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں نے بھارت اور پاکستان دونوں کو متنبہ کیا تھا کہ اگر لڑائی نہ روکی گئی تو امریکہ دونوں ممالک سے تجارت روک دے گا۔" انہوں نے کہا کہ "میرا خیال ہے کہ یہ سیز فائر مستقل ثابت ہوگا، اور اس سے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان خطرناک لڑائی کا خاتمہ ہوا ہے۔"
ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے خلاف کارروائیاں کر رہے تھے اور یہ لگ رہا تھا کہ یہ سلسلہ رکنے والا نہیں تھا۔ تاہم، ان کے مطابق، بھارت اور پاکستان کی قیادت نے صورتحال کی سنگینی کو سمجھا اور امریکہ نے اس میں بڑی مدد فراہم کی۔
امریکی صدر نے کہا، "میں نے دونوں ممالک سے کہا کہ اگر وہ لڑائی روکیں گے تو ہم ان کے ساتھ تجارت کریں گے، ورنہ ہم ان سے کوئی تجارت نہیں کریں گے۔"
انہوں نے یہ بھی کہا کہ "ہم نے ایٹمی جنگ کو روکا ہے۔ یہ ایک تباہ کن ایٹمی جنگ ہو سکتی تھی جس میں لاکھوں ہلاکتیں ہو سکتیں، اور مجھے اس پر فخر ہے کہ امریکہ نے اس لڑائی کو رکوا دیا۔"
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ بھارت سے تجارت اور ٹیرف پر مذاکرات کر رہا ہے، اور پاکستان سے بھی جلد بات چیت شروع کی جائے گی۔