Get Alerts

وزیراعظم کا ہر سال 10 مئی کو "یوم معرکۂ حق" منانے کا اعلان

وزیراعظم کا ہر سال 10 مئی کو

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن "بُنیان مرصوص" کی شاندار کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو "یوم معرکۂ حق" کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ملک بھر میں قومی جوش و جذبے اور ملی وحدت کے ساتھ منایا جائے گا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور شجاعت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کے دفاع میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

شہباز شریف نے اعلان کیا کہ رواں برس 16 مئی بروز جمعہ کو "یوم تشکر" کے طور پر منایا جائے گا، جس میں پوری قوم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائے گی۔ اس روز ملک بھر میں خصوصی نوافل ادا کیے جائیں گے اور پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور یہ دن قومی یکجہتی، شکر گزاری اور عزم نو کی علامت ہوگا۔

ٹیگز: