Get Alerts

پاکستانی سینما گھروں میں ایرانی فلموں کی نمائش

پاکستانی سینما گھروں میں ایرانی فلموں کی نمائش

ایران کا سینما پاکستان میں ایرانی فلموں کی سکریننگ کے لیے دلچسپی رکھتا ہے

پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے بعد انڈیا نے پاکستانی فنکاروں کو بالی وڈ میں کام کرنے سے منع کیا تو پاکستان نے سینما ہاؤسز میں انڈین فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کر دی ۔پاکستان کے سینما گھروں میں انڈین فلموں کی نمائش کے بعد سے سینما گھر اگر ویران نہیں ہوئے تو کم از کم وہاں رش میں کافی کمی ضرور دیکھی جا رہی ہے۔اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایران کا سینما پاکستان میں ایرانی فلموں کی سکریننگ کے لیے دلچسپی رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستانی سینما ہاؤسز نے نہ صرف ایرانی بلکہ ترکی کی فلموں کو حاصل کرنے کے لیے رابطے شروع کیے ہیں۔

  پاکستان سینی پیکس سینماؤں کے جنرل مینیجر مارکیٹنگ محسن یاسین نے کہا کہ ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا ایرانی فلموں کی سکریننگ میں پاکستانی سینما گھر دلچسپی لیں گے۔ 'میں نے کہا تھا کہ کیوں نہیں۔'ان کے مطابق 'ہم دنیا بھر کی فلموں کو پروموٹ کرنے کے حق میں ہیں۔ اگر ترکی یا ایران سے مخصوص فلمیں آتی ہیں جو اس خطے کے لیے موزوں ہیں تو کیوں نہیں۔'تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایران یا ترکی کی یا کسی اور ملک کی فلم کی نمائش اتنا آسان نہیں ہے۔ 'بہت سی چیزوں کو دیکھنا ہو گا۔ پہلے تو ایک دو فلمیں منگوائیں گے اور دیکھیں گے کہ وہ چلتی ہیں یا نہیں، آمدنی کتنی ہوتی ہے وغیرہ۔ اس کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔'