جہانگیر ترین بےنامی اکاؤنٹس کے بانی ہیں ، محمد زبیر

جہانگیر ترین بےنامی اکاؤنٹس کے بانی ہیں ، محمد زبیر

کراچی:سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے جہانگیر ترین کو بے نامی اکاؤنٹس کا بانی قرار دے دیا، وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری کو لوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ انصاف کسی کی خواہش پر نہیں ہونا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں  نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سابق گورنر اور مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کا کہنا تھا کہ انصاف کے تقاضے ایک جیسے ہونے چاہیں، پی ٹی آئی نے پاکستان صاف کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے تو پہلے اپنے اردگرد صفائی کریں، عمران خان نے خود پرویز الہیٰ کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہا تھا۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ آج فالودے والے کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکل رہے ہیں تو یہ جعلی اکاؤنٹس کس نے بنائے؟ یہ جہانگیر ترین سے بھی پوچھیں، وہ بے نامی اکاؤنٹس کے اصل بانی ہیں۔

سابق گورنر کا کہنا تھا کہ پہلے کہا جاتا رہا کہ دو سو ارب ڈالرز ملک میں لائیں گے، اب کہتے ہیں کہ وہ مفروضہ تھا۔ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے وہ اس وقت آئیں گے جب پاکستان میں انصاف ملنے لگے گا۔