Get Alerts

مریم نواز ایک مجرمہ ہیں اور ان سے کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، شہباز گل

Pakistan, Shahbaz Gill, Maryam Nawaz
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معاون خصوصی شہباز گل نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا  یہ سب عمران خان اور سلامتی اداروں  پر حملہ آور ہیں اور کچھ پارٹیاں ان کے ملک دشمن بیانیے کے ساتھ نہیں ہیں اور کچھ نادانی میں ان کو اپنا کندھا استعمال کرنے دے رہے ہیں۔ اس وقت مریم اور نواز شریف  پھنسے ہوئے ہیں اور کرپشن کیسز عدالتوں میں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے ہاتھ ہزیمت اور شرمندگی کے سوا کچھ نہیں آئے گا جبکہ ان کو لگتا ہے 4 بیان دیکر اسٹیبلشمنٹ کو بلیک میل کر لیں گے اور انہوں نے جن سانپوں کو دودھ پلایا وہ انہیں اب نہیں پلائیں گے۔ مریم صفدرایک مجرمہ ہیں اور اور ان سے کوئی بات کرنے کو بھی تیار نہیں کیونکہ وہ جھوٹ کے سوا اور کچھ نہیں بولتیں۔

شہباز گل نے کہا اب ان کو رسیدیں دینی پڑیں گی اور یہ وہی مریم نواز ہیں جو کہتی تھیں میری لندن میں کوئی پراپرٹی نہیں۔ 

خیال رہے کہ مریم نواز نے اپنے ایک بیان میں کہا مسلم لیگ (ن) اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کے لیے تیار ہے لیکن اب اسٹیبلشمنٹ سے بات چھپ چھپا کر نہیں بلکہ عوام کے سامنے ہو گی۔ اپوزیشن کے اتحاد پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بات چیت پر بھی غور کیا جا سکتا ہے لیکن اس کی ایک ہی شرط ہے کہ پہلے تحریکِ انصاف کی حکومت کو گھر بھیجا جائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے قریبی ساتھیوں سے بات چیت کے لیے اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے رابطے کیے گئے ہیں لیکن ابھی تک ان سے براہ راست کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست بند گلی کی جانب نہیں جا رہی کیونکہ ان کے نزدیک بند گلی کی طرف وہ لوگ جا رہے ہیں جنھوں نے یہ مصنوعی چیز بنانے کی کوشش کی۔ مسلم لیگ ن کا بیانیہ اب کراچی سے گلگت بلتستان تک گونج رہا ہے کہ صرف ووٹ کو عزت دو۔