کیلیفورنیا: مقبول میوزک سٹریمنگ سروس سپاٹیفائی نے اپنے صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کروا دیا ہے جس کے ذریعے اینڈرائیڈ صارفین اپنے پسندیدہ گانے، البمز، پلے لسٹس، یا پوڈکاسٹس کو براہِ راست واٹس ایپ کے سٹیٹس پر شیئر کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق، اس نئے فیچر کے تحت جب بھی صارفین سپاٹیفائی پر کوئی ٹریک، البم یا پلے لسٹ چلائیں گے، وہ اس گانے کو شیئر کے آپشن سے واٹس ایپ کے سٹیٹس پر پوسٹ کر سکیں گے۔ سٹیٹس میں شیئر ہونے والے مواد کو ایک خوبصورت کارڈ کی شکل میں دکھایا جائے گا جس میں گانے کا کور آرٹ، عنوان، اور آرٹسٹ کا نام شامل ہوگا۔ اس کے علاوہ، سٹیٹس دیکھنے والوں کو ایک مختصر آڈیو پریویو بھی سننے کو ملے گا، اور "اوپن ان سپاٹیفائی" کا بٹن بھی موجود ہوگا جس پر کلک کرنے سے وہ براہِ راست سپاٹیفائی ایپ پر پہنچ جائیں گے۔
اس فیچر کا استعمال کرنے کے لیے صارفین کو سپاٹیفائی ایپ کھول کر وہ گانا، البم، یا پلے لسٹ منتخب کرنا ہوگا جو وہ شیئر کرنا چاہتے ہیں۔ پھر شیئر آئیکن دبائیں، واٹس ایپ کا انتخاب کریں اور اسے سٹیٹس پر پوسٹ کر دیں۔ اس کے بعد منتخب مواد واٹس ایپ سٹیٹس پر دکھائی دے گا۔
فی الحال یہ فیچر صرف اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم یہ امکان ہے کہ یہ جلد ہی آئی او ایس صارفین کے لیے بھی جاری کر دیا جائے گا۔ اگر صارفین کو یہ آپشن ابھی تک نظر نہیں آ رہا، تو انہیں پہلے گوگل پلے سٹور سے سپاٹیفائی ایپ کو اپڈیٹ کرنا ہوگا تاکہ یہ فیچر فعال ہو سکے۔