Get Alerts

ایف بی آر کا لاکھوں انکم ٹیکس گوشواروں کے آڈٹ کا فیصلہ، بڑے سرمایہ دار اور افسران بھی زد میں آئیں گے

ایف بی آر کا لاکھوں انکم ٹیکس گوشواروں کے آڈٹ کا فیصلہ، بڑے سرمایہ دار اور افسران بھی زد میں آئیں گے

اسلام آباد  :فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں سال لاکھوں انکم ٹیکس گوشواروں کا مرحلہ وار آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شارٹ فائلرز، کم ٹیکس دینے والے اور اصل آمدن چھپانے والے ٹیکس دہندگان کی نشاندہی جدید ڈیٹا اینالیسس اور اے آئی سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔

ابتدائی مرحلے میں 7 سے 10 لاکھ گوشواروں کا ڈیسک آڈٹ کیا جائے گا، جس کے بعد مشتبہ کیسز کا فزیکل آڈٹ بھی کیا جائے گا۔ ایف بی آر کے مطابق تنخواہ دار طبقہ، کارپوریٹ سیکٹر کے گوشوارے، بڑے سرمایہ دار، سی ای اوز اور اعلیٰ افسران بھی اس عمل میں شامل ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گوشواروں میں غلط بیانی یا آمدن چھپانے کے ثبوت ملنے پر بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں 25 فیصد کم ٹیکس ادا کرنے والے ٹیکس دہندگان پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ایف بی آر نے سال 2025 کا آڈٹ پلان باضابطہ طور پر منظور کر لیا ہے، جبکہ توقع ہے کہ 30 نومبر تک ٹیکس گوشواروں کی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔

ٹیگز: