ایران اور سعودی عرب کے پاس بات چیت کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، جواد ظریف

ایران اور سعودی عرب کے پاس بات چیت کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، جواد ظریف
کیپشن: ہمیشہ پڑوسی ملک سعودی عرب سے ثالثی یا براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہیں، جواد ظریف۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ ایرانی میڈیا

تہران: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ ریاض اور تہران کے پاس بات چیت کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ایران اور سعودیہ کے درمیان ثالثی کے لیے کوشش کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی اور ایران کے پاس ایک دوسرے سے بات چیت کے علاوہ دوسری چارہ نہیں ہے اور بات چیت براہ راست ہو یا کسی ثالث کے ذریعے جبکہ ایران اس کے لیے تیار ہے۔

جواد ظریف نے کہا کہ ہم نے کبھی ثالث کار کو انکار نہیں کیا اور ہم ہمیشہ پڑوسی ملک سعودی عرب سے ثالثی یا براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پڑوسی ملک ہے اور ہمیں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ رہنا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعطم پاکستان عمران خان اتوار کو ایک روزہ دورے پر ایران جا رہے ہیں جہاں وہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے ایرانی قیادت سے بات چیت کریں گے۔