کیلیفورنیا : میٹا نے فیس بک اور انسٹاگرام پر ریلز ویڈیوز کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب ویڈیوز کو اپنی زبان میں ٹرانسلیٹ، ڈب اور lip-sync کر سکیں گے، چاہے وہ ویڈیوز کسی دوسری زبان میں بنائی گئی ہوں۔
میٹا اے آئی کی مدد سے اب آپ ریلز ویڈیوز کو انگلیش، ہندی، پرتگیز اور اسپینش میں ترجمہ اور ڈب کر سکتے ہیں۔ مثلاً، اگر آپ برازیل میں بنائی گئی کسی کھانا پکانے کی ویڈیو دیکھ رہے ہیں، تو آپ اسے اپنی زبان میں سن سکتے ہیں، یا کسی بھی زبان کے گانے کو اپنی پسندیدہ زبان میں ٹرانسلیٹ کر سکتے ہیں۔ میٹا کی اے آئی اس ویڈیو کے بنانے والے کے لب و لہجے کی نقل بھی کرے گی۔
یہ فیچر اس وقت فیس بک اور انسٹاگرام پر دستیاب ہوگا، لیکن انسٹاگرام پر یہ صرف پبلک اکاؤنٹس کے لیے ہے، اور فیس بک پر اسے استعمال کرنے کے لیے ایک شرط ہے کہ آپ کے ہزار فالوورز ہوں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد مختصر ویڈیوز کو زیادہ قابل رسائی اور تفریحی بنانا ہے، تاکہ دنیا بھر میں مختلف زبانوں کے صارفین ان ویڈیوز سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اگرچہ ریلز کو ٹرانسلیٹ کرنے پر میٹا اے آئی کا لیبل واضح طور پر نظر آئے گا، مگر ناظرین اسے ٹرن آف بھی کر سکیں گے، یا وہ ویڈیو کی اصل زبان کو منتخب کر سکتے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب میٹا نے زبان کی رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لیے ایسے ٹولز متعارف کرائے ہوں۔ اس سے پہلے بھی آٹو کیپشنز، سب ٹائٹل اسٹوریز اور گلوبل ہیش ٹیگ جیسے فیچرز صارفین کے لیے دستیاب ہیں۔ تاہم، یہ پہلی بار ہے جب میٹا کی اے آئی ٹیکنالوجی کو وائس کلوننگ اور ہونٹوں کی حرکت کی مطابقت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔