لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 1965 کی جنگ کے ہیرو، میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کو ان کے یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے اپنی بہادری اور قربانی سے تاریخ رقم کی، اور ان کی جرأت آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہماری آزادی اور سلامتی انہی بہادر سپوتوں کی قربانیوں کی بدولت قائم ہے، اور پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے۔
یاد رہے کہ میجر عزیز بھٹی نے 1965 کی جنگ میں لاہور کے محاذ پر دشمن کے حملے روک کر جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ ان کی بے مثال بہادری پر انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔