Get Alerts

پنجاب میں حالیہ سیلاب سے 97 افراد جاں بحق، 45 لاکھ افراد متاثر ، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

پنجاب میں حالیہ سیلاب سے 97 افراد جاں بحق، 45 لاکھ افراد متاثر ، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

لاہور :  پنجاب میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق صوبے بھر میں سیلاب اور اس سے جڑے مختلف حادثات کے باعث اب تک 97 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں آنے والے سیلاب نے دریائے راوی، چناب اور ستلج کے کنارے آباد دیہاتوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق:

دریائے چناب کے اطراف 2,334 دیہات زیرِ آب آئے۔
دریائے ستلج میں طغیانی سے 672 دیہات متاثر ہوئے۔
دریائے راوی میں سیلاب کے باعث 1,482 مواضعات متاثر ہوئے۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 44 لاکھ 98 ہزار افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 24 لاکھ 51 ہزار افراد کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کر لیا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے 396 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

سیلاب سے نہ صرف انسانی جانیں متاثر ہوئیں بلکہ 19 لاکھ 1 ہزار مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تاکہ معاشی نقصانات کو کم سے کم رکھا جا سکے۔

ریلیف کمشنر نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، خوراک، طبی سہولیات اور بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ حکومت پنجاب نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ممکنہ خطرناک علاقوں سے دور رہیں اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

ٹیگز: