لاہور: جنگِ ستمبر 1965 کے ہیرو اور نشانِ حیدر حاصل کرنے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 61واں یومِ شہادت آج ہفتہ، 12 ستمبر کو منایا جا رہا ہے۔
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے 1965 کی جنگ کے دوران لاہور کے برکی سیکٹر میں دشمن کے خلاف بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔ انہوں نے پانچ دن اور پانچ راتیں دشمن کے مسلسل حملوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا اور اپنی ثابت قدم قیادت سے دشمن کی پیش قدمی روک دی۔
12 ستمبر 1965 کو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید لاہور کے محاذ پر سینہ سپر ہوتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ان کی غیر معمولی شجاعت اور عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔
اس موقع پر مسلح افواج کی قیادت نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی غیر معمولی جرات، قیادت اور وطن کے لیے عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی بہادری اور قربانی آج بھی پاک فوج اور پوری قوم کے لیے عزم، حوصلے اور حب الوطنی کی روشن مثال ہے۔
گجرات میں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے مزار پر دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب کے دوران میجر جنرل اظہر یاسین نے شہید کے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔