Get Alerts

ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے: سرفراز بگٹی

ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے: سرفراز بگٹی

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کسی قسم کی بات چیت نہیں کی جائے گی۔

قومی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ سول اور عسکری قیادت دہشت گردی کے خلاف مکمل طور پر یکسو ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز مشکل حالات میں بھی اپنے فرائض بھرپور انداز میں انجام دے رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی صرف بلوچستان کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ ان کے مطابق بلوچستان سے 11 لاکھ افغان مہاجرین سمیت دیگر غیر ملکی شہریوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔

سرفراز بگٹی نے صوبے میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ماضی کے مقابلے میں ریکارڈ مدت میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔ حکومت کی توجہ عوامی ضروریات پوری کرنے، گورننس بہتر بنانے اور سروس ڈیلیوری کو مؤثر بنانے پر ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاستی کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ امن کے قیام کے ساتھ صوبے میں ترقی اور عوامی خدمت کا سفر بھی جاری رکھا جائے گا۔

ٹیگز: