کراچی: پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یونٹی میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے بھرپور شرکت کی۔
کراچی کے نشانِ پاکستان، سی ویو کلفٹن پر ’’اون ٹو رن پاکستان‘‘ کے زیرِ اہتمام کرسچن یوتھ رن کا انعقاد کیا گیا۔ ایونٹ کے دوران مردوں کے لیے 5 کلومیٹر، خواتین کے لیے 3 کلومیٹر جبکہ 12 سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے 1 کلومیٹر کی دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔
ریس کی تقریب میں سندھ حکومت کے سیکریٹری سپورٹس منور علی مہیسر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی ریٹائرڈ آصف رزاق، سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید، سہیل سردار، پاسٹر جاوید نور، ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
منتظمین کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایتھلیٹس میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ مردوں اور خواتین کی کیٹیگریز میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بالترتیب 50 ہزار، 30 ہزار اور 20 ہزار روپے دیے گئے، جبکہ بچوں کی ریس میں پہلی تین پوزیشنز کے لیے بالترتیب 15 ہزار، 10 ہزار اور 5 ہزار روپے کے نقد انعامات مقرر کیے گئے۔
یونٹی میراتھن ریس کا مقصد کھیلوں کے ذریعے مختلف برادریوں کے درمیان ہم آہنگی، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔