دو ہفتوں کے اندر کورونا وائرس کو قابو نہ کیا تو صورتحال خراب ہو جائے گی: فواد چوہدری

دو ہفتوں کے اندر کورونا وائرس کو قابو نہ کیا تو صورتحال خراب ہو جائے گی: فواد چوہدری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کورونا وائرس کے شدید خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دو ہفتوں کے اندر اس وباءکو کنٹرول نہ کیا گیا تو صورتحال خراب ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے، اب صوبہ سندھ اور بلوچستان میں بھی اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اگر ہم دو ہفتوں کے اندر صورتحال نیچے نہ لا سکے تو معاملہ بڑھ جائے گا، کورونا ویکسین کی درآمد سے متعلق کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے برآمدات میں اضافے کیلئے رجسٹریشن اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی ہے جبکہ اس کے علاوہ لاہور کے علاقے والٹن میں 318 ایکڑ پر محیط نیا تجارتی مرکز بنانے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے جو آئندہ 18 ماہ میں قائم کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے سیکسیشن سرٹفیکیٹ لینے کیلئے تین، تین سال لگتے تھے لیکن اب بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں کے ذریعے سیکسیشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے، یہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بہت بڑا فیصلہ ہے جبکہ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے سٹوڈنٹ ویزا فیس میں بھی کمی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔