Get Alerts

اسرائیلی فضائیہ کے پائلٹوں اور ریزرو اہلکاروں کا غزہ جنگ کے خلاف احتجاج، جنگ بندی کا مطالبہ

اسرائیلی فضائیہ کے پائلٹوں اور ریزرو اہلکاروں کا غزہ جنگ کے خلاف احتجاج، جنگ بندی کا مطالبہ

تل ابیب  : اسرائیلی فضائیہ کے پائلٹوں اور ریزرو فوجی اہلکاروں نے غزہ پر جاری جنگ کے خلاف علمِ بغاوت بلند کر دیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب میں فوجی ہیڈکوارٹرز کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ان اہلکاروں نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور غزہ پر مزید حملوں کے منصوبے کی مخالفت کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری کارروائیاں نہ صرف انسانی المیہ کو جنم دے رہی ہیں بلکہ اسرائیل کی ساکھ کو بھی عالمی سطح پر شدید نقصان پہنچا رہی ہیں۔ احتجاج میں شامل اہلکاروں نے کہا کہ وہ ایسی جنگ کا حصہ نہیں بن سکتے جو معصوم شہریوں، بالخصوص بچوں اور خواتین، کی جانیں لے رہی ہو۔

یہ احتجاج ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں صرف آج کے دن 89 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ بھوک اور غذائی قلت کے باعث مزید 5 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ غذائی قلت سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 227 ہو گئی ہے جن میں 103 بچے شامل ہیں۔

دوسری جانب برطانیہ، فرانس سمیت 27 یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی امدادی اداروں کو فوری، محفوظ اور بلا رکاوٹ رسائی دی جائے تاکہ متاثرہ شہریوں تک خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات پہنچائی جا سکیں۔

ٹیگز: