اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کراچی اسٹیل ملز کی 32 سو ایکڑ زمین پر انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں ملک کے اہم اقتصادی فیصلوں کی منظوری دی گئی جن میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے لیے دو ارب 82 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ بھی شامل ہے۔ اس گرانٹ کا استعمال نئے انگریزی نیوز چینل کے قیام، ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے کیا جائے گا۔
مزید برآں، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مختلف منصوبوں کے لیے بھی ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری دی ہے تاکہ ان اہم پروجیکٹس کو فنڈنگ فراہم کی جا سکے اور موسمیاتی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اجلاس میں کہا کہ کراچی اسٹیل ملز کی زمین پر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے نہ صرف صنعتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اس اقدام سے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔