اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں یومِ آزادی اور معرکۂ حق میں فتح کی مناسبت سے ایک پُروقار اور شایانِ شان تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدرِ مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل، مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزرا، اور اراکینِ پارلیمنٹ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں ملکی سالمیت، دفاع اور قومی یکجہتی کے حوالے سے خصوصی تقاریر کی گئیں، جبکہ آرٹسٹوں نے وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار ملی نغمے بھی پیش کیے۔
وفاقی وزرا اور اراکینِ پارلیمنٹ کی بھرپور شرکت نے تقریب کو ایک قومی یکجہتی کی علامت بنا دیا۔ شرکاء نے آزادی کے تاریخی لمحے اور معرکۂ حق کی کامیابی کو ملک و ملت کے لیے سنگِ میل قرار دیا۔
ادھر کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
"یومِ آزادی ہمیں قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، اور ہمیں ان شہداء کو سلام پیش کرنا چاہیے جنہوں نے اس ملک کے لیے اپنا سب کچھ قربان کیا۔"
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عوام کو ساتھ لے کر چلنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب میں ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ شرکاء نے قومی پرچم تھامے جوش و خروش سے آزادی کا جشن منایا۔