Get Alerts

میسی کے غم میں رونالڈو شریک، مداحوں نے اقدام کو سراہا

میسی کے غم میں رونالڈو شریک، مداحوں نے اقدام کو سراہا

لزبن : پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے دیرینہ حریف لیونل میسی کے والد خورخے میسی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے میسی اور ان کے اہلخانہ کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔

لیونل میسی کے والد خورخے میسی 68 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ اپنے بیٹے کے فٹبال کیریئر میں اہم شخصیت رہے اور میسی کے کم عمری سے ہی ان کے نمائندے کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔

والد کی وفات کے بعد لیونل میسی نے سوشل میڈیا پر اپنے والد کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی اور مختصر مگر جذباتی الفاظ میں ان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کرسٹیانو رونالڈو نے بھی میسی کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا۔ رونالڈو نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں میسی اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں اور انہیں حوصلہ رکھنے کی تلقین کی۔

رونالڈو کی جانب سے سامنے آنے والے اس پیغام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی اور ہزاروں افراد نے اسے پسند کیا۔

رونالڈو اور میسی نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران کئی برس تک ایک دوسرے کو سخت مقابلہ دیا۔ فٹبال کے میدان میں دونوں کے درمیان زبردست مسابقت کے باوجود ایک دوسرے کے لیے احترام متعدد مواقع پر دکھائی دیتا رہا ہے۔

میسی کے والد کے انتقال پر رونالڈو کا تعزیتی پیغام بھی دونوں لیجنڈری کھلاڑیوں کے درمیان موجود اسی باہمی احترام اور انسانی ہمدردی کی ایک مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: