لاہور: لاہور ٹریفک پولیس نے جشنِ آزادی کے موقع پر 13 اور 14 اگست کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کردیا ہے۔
پلان کے تحت شہر میں ٹریفک انتظامات کی نگرانی کے لیے 3 ایس پیز، 16 ڈی ایس پیز، 500 ٹریفک انسپکٹرز سمیت دیگر افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
جشنِ آزادی کے سلسلے میں لاہور کے 5 مقامات پر آتش بازی کے پروگرام منعقد ہوں گے، جن میں گریٹر اقبال پارک، ڈولمن مال ڈیفنس، گلشن اقبال، اڈا پلاٹ اور لبرٹی مارکیٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ لبرٹی مارکیٹ اور ڈیفنس فیز 6 کے ایچ بلاک میں میوزیکل پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے 62 مختلف مقامات پر خصوصی ناکہ بندی کی جائے گی، جہاں ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور موٹر سائیکلوں پر خطرناک کرتب دکھانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا ہے کہ سڑکیں بلاک کرنے، روڈ ریج اور ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹریفک کے دباؤ کو کم رکھنے کے لیے مین بلیوارڈ گلبرگ اور مال روڈ کے تمام کٹس رات کے اوقات میں بند رکھے جائیں گے، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات رہے گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جشنِ آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منائیں، تقریبات میں شرکت کریں، تاہم سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں۔