اومی کرون ، وزیراعظم نے بڑے مشن کا اعلان کردیا

اومی کرون ، وزیراعظم نے بڑے مشن کا اعلان کردیا

لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن  نے اومی کرون کے خلاف بڑے مشن کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں کورونا وائرس کے نئے اور خطرناک ویرئینٹ کے خلاف ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے ۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اومی کرون ایمرجنسی بوسٹر نیشنل مشن کا آغا زکردیا ہے ۔قوم سے خطاب میں انہوں نے بالغ افراد کے لئے نئے سال سے قبل بوسٹر ڈوز کی پیشکش کردی ۔  3 ماہ قبل دوسری ڈوز لگوانے والے بوسٹر لگوانے کے حقدار ہوں گے۔

برطانوی وزیراعظم نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے، اومی کرون کی بڑی لہر آرہی ہے۔ مجھے ڈر ہے کہ اب ہمیں اس نئے ویرینٹ کے خلاف جنگ میں ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔ یہ واضح ہوگیا ہے کہ کورونا ویکسین کی دو خوراکیں ہمیں موثر تحفظ دینے کے لئے کافی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جلد بوسٹر ڈوز لگانے کیلئے 42 ملٹری پلاننگ ٹیمیں ہر ریجن میں تعینات ہوں گی۔ انگلینڈ میں اضافی ویکسین سائٹس اور موبائل یونٹ بھی قائم کئے جائیں گے۔

یاد رہے کہ برطانیہ میں کورونا کی خطرناک قسم اومی کرون کے پھیلاؤ میں تیزی کے بعد کورونا الرٹ لیول تین سے بڑھا کر چار کردیا گیا۔

ویکسی نیشن سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ بیماری کے خلاف تیسری بوسٹر ویکسین تحفظ فراہم کرتی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، یہاں مجموعی کیسز کی تعداد 3 ہزار 137 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کا اومی کرون ویرینٹ ڈیلٹا ویرینٹ سے زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔ اومی کرون کورونا ویکسین کی افادیت کو کم کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے، اومی کرون دنیا کے 63 ممالک تک پھیل چکا ہے ۔