ممبئی : بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تارا ستاریا اور ان کے بوائے فرینڈ اداکار ویر پہاڑیہ نے اپنے رشتہ کے ابتدائی دنوں کے بارے میں کھل کر بات کی ہے، اور بتایا کہ ان کے درمیان محبت کیسے پروان چڑھی۔ دونوں نے رواں سال کے آغاز میں اپنے تعلقات کا عوامی سطح پر اعتراف کیا تھا، اور اب انہوں نے اپنے رشتہ کے آغاز کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اس جوڑے نے جولائی 2025ء میں اپنے رشتہ کا باقاعدہ اعلان کیا تھا، جس کے بعد دونوں کے درمیان محبت اور تعلقات کے حوالے سے کئی قیاس آرائیاں ہوئیں۔ ویر پہاڑیہ نے ایک انٹرویو میں کہا، "مجھے یہ بات بہت پسند آئی کہ ہماری پہلی ملاقات سے ہی ہم نے اپنے جذبات اور محبت کو کھلے دل سے قبول کیا اور جہاں بھی گئے، ہم نے کبھی اپنے احساسات کو چھپایا نہیں۔"
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کوئی خاص لمحہ تھا جس نے ان کے رشتہ کو نیا رخ دیا، تو ویر نے ایک موسیقی سے بھرپور شام کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا، "شاید ہماری پہلی ڈیٹ نائٹ تھی، جب میں نے پیانو بجایا اور تارا نے گانا گایا، اور پھر سورج نکل آیا۔"
دوسری جانب، تارا ستاریا نے کہا کہ ان کا رشتہ کسی ایک خاص لمحے کا نتیجہ نہیں تھا، بلکہ یہ وقت کے ساتھ مضبوط ہوتا گیا۔ "ہم نے مشکل اور آسان ہر لمحے میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، جیسے ہم ایک دوسرے کو پوری زندگی سے جانتے ہوں، اور یہی بات شروع سے خاص رہی۔"
اپنی پہلی مشترکہ تعطیلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے تارا نے ایک دلچسپ خاندانی روایت کا ذکر کیا اور بتایا، "بچپن سے میری ماں کہتی تھیں کہ آئل آف کیپری وہ جگہ ہے جہاں آپ اپنے بہترین دوست یا محبوب کو لے کر جاتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اگر کشتی میں اس جزیرے کے قریب سے گزرتے ہوئے آپ اس شخص کو گلے لگا لیں، تو یہ رشتہ ہمیشہ خاص رہتا ہے، اور ہم نے بالکل یہی کیا۔"
ویر نے اس مقام کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا، "یہ امالفی کوسٹ پر واقع جگہ ہمارے لیے بہت خاص تھی۔ ہم دونوں نے ایک دوسرے کو جاننے سے پہلے ہی یہ طے کیا تھا کہ جب ہمیں وہ خاص شخص ملے گا، تو ہم اسے یہاں لے کر جائیں گے۔"
رشتہ کا باقاعدہ اعلان کرنے کے بعد، تارا اور ویر مختلف عوامی تقریبات اور سوشل میڈیا پر ایک ساتھ نظر آتے رہے ہیں۔
ویر پہاڑیہ کو حال ہی میں اکشے کمار کے ساتھ فلم اسکائی فورس میں دیکھا گیا، جبکہ تارا نے اپنی 30ویں سالگرہ اپنے خاندان اور ویر کی موجودگی میں منائی۔