Get Alerts

چین کی جدید تعمیرات کا شاہکار، 530 میٹر کی بلندی پر جدید لفٹس

چین کی جدید تعمیرات کا شاہکار، 530 میٹر کی بلندی پر جدید لفٹس

بیجنگ: چین کے شہر گوانگژو میں واقع گوانگژو سی ٹی ایف فنانشل سینٹر جدید تعمیراتی مہارت کی بہترین مثال ہے، لیکن عالمی سطح پر شہرت اسے اس کی انتہائی تیز رفتار لفٹس نے دلائی ہے۔ یہ لفٹس اپنی رفتار کے لحاظ سے دنیا کی سب سے تیز لفٹس میں شامل ہیں اور دیکھنے والوں کے لیے سنسنی خیز تجربہ فراہم کرتی ہیں۔

2016 میں مکمل ہونے والی یہ عمارت 530 میٹر بلند ہے اور اس میں زمین سے اوپر 111 فلورز اور پانچ زیرِ زمین فلورز شامل ہیں۔ اگرچہ عمارت کی بلندی اور ڈیزائن خود میں متاثر کن ہیں، لیکن عوامی توجہ کا اصل مرکز وہ ایکسپریس لفٹس ہیں جو گراؤنڈ فلور سے 95ویں منزل تک صرف 43 سیکنڈ میں پہنچ جاتی ہیں۔

ان لفٹس کی تنصیب جاپان کی کمپنی ہٹاچی نے کی ہے۔ عمارت میں کل 95 لفٹس موجود ہیں، جن میں ڈبل ڈیکر، تیز رفتار اور درمیانی رفتار کی لفٹس شامل ہیں، لیکن سب سے زیادہ توجہ دو خصوصی لفٹس پر ہے جنہوں نے رفتار کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

یہ لفٹس 1200 میٹر فی منٹ کی رفتار سے چلتی ہیں، یعنی تقریباً 72 کلومیٹر فی گھنٹہ۔ اس سے قبل یہ اعزاز تائی پے 101 کی لفٹس کو حاصل تھا، مگر گوانگژو نے یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

اتنی بلند رفتاری کے باوجود مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ مستقل مقناطیسی موٹرز، ہلکی ٹریکشن مشینیں اور ایروڈائنامک کیبن ڈیزائن نے سفر کو محفوظ اور ہموار بنایا ہے۔ ہنگامی حالات کے لیے جدید بریکنگ سسٹم نصب ہے، جس کے بریک پیڈز اچانک رُکنے پر پیدا ہونے والی تقریباً 300 ڈگری سینٹی گریڈ حرارت بھی برداشت کر لیتے ہیں۔

علاوہ ازیں، ایکٹیو گائیڈ رولرز چھوٹے جھٹکوں کو فوراً محسوس کر کے نظام کے ذریعے ہموار سفر کو برقرار رکھتے ہیں، اور پریشرائزڈ کیبن اندرونی ہوا کے دباؤ کو بتدریج تبدیل کر کے مسافروں کو آرام دہ ماحول فراہم کرتی ہے۔

یہ عمارت اور اس کی انتہائی تیز لفٹس جدید انجینئرنگ کی بہترین مثال ہیں جہاں رفتار، آرام اور حفاظت ایک ساتھ ممکن بنائی گئی ہے۔

ٹیگز: