ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی اہلیہ اور معروف انٹیریئر ڈیزائنر گوری خان نے حال ہی میں اپنے خاندان کی تقریباً سو سال پرانی آبائی جائیداد کو جدید اور پرتعیش ولا میں تبدیل کر دیا ہے۔
یہ تاریخی گھر 1933 میں تعمیر کیا گیا تھا، جسے گوری خان نے خوبصورت پہاڑی علاقے ڈلہاؤسی میں ازسرِنو مرمت اور تزئین کے بعد چھ کمروں پر مشتمل شاندار ولا کی شکل دی ہے۔

اب یہ جائیداد ایک اعلیٰ درجے کی رہائشی تفریح گاہ کے طور پر عام لوگوں کے لیے بھی دستیاب ہے، جہاں ایک رات قیام کے اخراجات ایک لاکھ 20 ہزار روپے تک بتائے جا رہے ہیں۔
گوری خان نے ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ شناخت کو برقرار رکھا اور بطور انٹیریئر ڈیزائنر کئی معروف شخصیات کے گھروں کو خوبصورت بنایا۔ ان کے نمایاں کاموں میں ان کا اپنا گھر منت بھی شامل ہے، جہاں وہ اپنے شوہر شاہ رخ خان اور بچوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔

یہ منصوبہ گوری خان کے لیے جذباتی اہمیت بھی رکھتا ہے کیونکہ یہی وہ جگہ ہے جہاں انہوں نے بچپن میں اپنے خاندان اور کزنز کے ساتھ کئی گرمیاں گزاریں۔ اس ولا کی تیاری میں ان کی کزن رستم تیواری نے بھی ان کے ساتھ تعاون کیا، جبکہ یہ جائیداد ان کے ماموں تیجندر تیواری کی ملکیت ہے۔
سو سال پرانی یہ خاندانی وراثت اب ایک جدید اور پرآسائش قیام گاہ میں تبدیل ہو چکی ہے، جہاں قدرتی حسن، آرام دہ سہولیات اور ماضی کی یادوں کا خوبصورت امتزاج سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے۔