براڈ شیٹ معاملے پر امیر حکمران دوبارہ بے نقاب ہوگئے، وزیراعظم عمران خان

Rich rulers exposed again on broadsheet issue: PM Imran Khan
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما پیپرز نے پاکستان کے امیر حکمرانوں کو بے نقاب کیا، اب براڈ شیٹ نے دوبارہ انھیں دنیا کے سامنے ایکسپوز  کر دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ یہ امیر حکمران انتقامی کارڈ کے پیچھے نہیں چھپ سکتے۔ بار بار یہی چیز بے نقاب ہونا کرپشن کے خلاف میری 24 سال کی جدوجہد کو بیان کر رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز نے پاکستان کے امیر حکمرانوں کو بے نقاب کیا۔ اب براڈ شیٹ معاملے پر امیر حکمران دوبارہ بے نقاب ہوئے ہیں۔ براڈ شیٹ کی وجہ سے امیر حکمرانوں کی منی لانڈرنگ سامنے آ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ نے بیرون ملک میں غیر قانونی اثاثے بنانے کے لیے منی لانڈرنگ کی۔ اشرافیہ نے بعد میں این آر او کا سہارا لیا اور اس کی وجہ سے لوٹی ہوئی دولت کو تحفظ فراہم کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اعلان کیا تھا کہ براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک اہم کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، یہ کمیٹی اہم انکشافات سامنے لائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 2000ء میں شروع ہونے والا یہ براڈ شیٹ سکینڈل مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو این آر او دینے کی وجہ سے چھپ گیا تھا تاہم ہماری حکومت کی جانب سے اس معاملے کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے ایک ایسی خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو جلد اہم انکشافات کو دنیا کے سامنے آشکار کرے گی۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کمیٹی ایسے لوگوں کے بارے میں دنیا کو بتائے گی جنہوں نے کرپشن کے ذریعے اس ملک کو لوٹا اور اپنے اثاثے بنائے۔