‘مریم نواز ڈاکو نانی ہے جو فوٹو شاپ تصویر لگا کر کشمیریوں کو دھوکا دیتی ہیں’

Maryam Nawaz, Kashmiris, photoshop pictures, Ali Amin Gandapur, Azad Kashmir elections

فارورڈکہوٹہ: وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مریم نواز ڈاکو نانی ہے جو فوٹو شاپ تصویر لگا کر کشمیریوں کو دھوکا دیتی ہیں ۔ نواز شریف ایک ڈاکو ہے جو لوہار کی دکان سے شروع ہوا اور ملک پر قبضہ کرلیا ۔

آزاد کشمیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان کی شکل میں ایسا لیڈر ملا جس نے پاکستان کی خودداری کو بحال کیا ۔ کشمیری اپنی ترقی کا فیصلہ خود کریں گے ، ان کا جو بھی فیصلہ ہوگا پاکستان ان کے ساتھ ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ، عمران خان واحد لیڈر ہیں جنہوں نے کہا تھا کشمیری عوام جو فیصلہ کریں گے ان کا ساتھ دیں گے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قرضے لے کر ملک کو قرضوں کی دلدل میں ڈبو دیا ، بھٹو زندہ ہے کا نعرہ لگانے والے سندھ کے عوام کو بھوک اور افلاس سے مار رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کے دور میں ہی پاکستان دو حصوں میں تقسیم ہوا ، کراچی کو گندگی کا ڈھیر بنانے والے آصف زرداری ہیں ۔ پھر بھی آج یہاں آکر کہتے ہیں ہمیں موقع دو، یہ پہلے ہی 3،3 باریاں لے چکے ہیں ۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف کی نواسی کی شادی میں مودی پاکستان آیا ، اس وقت کشمیر سے متعلق بات نہ کی ، نواز شریف بھارت گئے تو حریت رہنماؤں سے ملنے کے بجائے اداکاروں سے ملاقات کی ۔ مریم نواز جہاں جاتی ہیں وہاں کی بیٹی بن جاتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیر سے آپ کا مودی والا رشتہ نہیں چاہئے ، مریم نواز کشمیر کی نہیں نواز شریف کی ڈاکو بیٹی ہیں ۔ مریم نواز خود کو کشمیری کہہ کر کشمیریوں کو بدنام نہ کریں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا میں کشمیریوں کی حقیقی ترجمانی کی ، ہم کشمیر کیلئے ہر حد تک جائیں گے ۔