ڈیلاس: امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے کوئی دباؤ نہیں ڈالا جا رہا، اور پاکستان کی پالیسی قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں کے مطابق ہے۔
پاکستانی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور اس کے موقف میں کسی بھی قسم کی لچک نہیں آئی۔ انھوں نے کہا کہ امریکا کی کوششوں کے باوجود پاکستان اپنے اصولوں پر قائم ہے۔
سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بتدریج بہتری آ رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے اس موقع پر پاکستان کی توانائی کی صلاحیتوں کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ پاکستان کے پاس کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کے لیے وافر بجلی موجود ہے، جو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک بہترین موقع ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا تھا کہ بہت سے ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے لیے تیار ہیں جو پہلے ایسا ممکن نہیں سمجھتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب بھی ابراہم معاہدے میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے، تاہم کچھ رکاوٹیں ابھی تک موجود ہیں۔