Get Alerts

یومِ شہدائے کشمیر: صدر، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار، شہداء کو خراجِ تحسین

یومِ شہدائے کشمیر: صدر، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار، شہداء کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 13 جولائی یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور آزادی کی جدوجہد میں اُن کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی بہادری، عزم اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک عسکری قید خانہ بنا دیا ہے جہاں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، جن میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، سیاسی قید، آبادی کا تناسب بدلنے کی سازشیں اور مسلمانوں کی شناخت مٹانے کی کوششیں شامل ہیں۔

صدرِ مملکت نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت اُس وقت تک جاری رکھے گا جب تک وہ اپنا حقِ خودارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کشمیری عوام برسوں سے اپنی آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر فورم پر ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم اُن تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی تسلط کے خلاف اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پُرعزم ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی یومِ شہداء کے موقع پر کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اذان کے احترام میں سینہ تان کر گولیاں کھانے والے 22 نوجوانوں کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ دور اور آج کا بھارت، دونوں ظلم کی مختلف شکلیں ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کی ریاستی پالیسی کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی، ماورائے عدالت قتل اور صحافت کو دبانے پر مبنی ہے، جو انسانیت کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ شہداء کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا محافظ، ضامن اور علمبردار ہے۔

ٹیگز: