لاہور: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان نادیہ خان نے حالیہ گفتگو میں فیملی پلاننگ اور اپنی ذاتی زندگی سے متعلق اہم باتیں شیئر کرتے ہوئے جذباتی انداز اپنایا۔
نادیہ خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پہلی بیٹی کی پیدائش اس احساسِ تنہائی کی وجہ سے چاہی کیونکہ وہ چاہتی تھیں کہ ان کی زندگی میں کوئی ایسا ہو جو انہیں بے لوث محبت دے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں خواتین کو یہ سکھایا جاتا تھا کہ بچے پیدا کرنے سے ازدواجی زندگی مضبوط ہو جاتی ہے، اسی سوچ کے تحت بہت سی خواتین ناخوشگوار شادیوں کے باوجود بچوں کی منصوبہ بندی کرتی تھیں۔
نادیہ خان کے مطابق، ان کی نسل نے دوسروں کو خوش رکھنے کے لیے اپنی خوشیوں اور ذہنی سکون کو نظر انداز کیا، جبکہ آج وہ سمجھتی ہیں کہ یہ سوچ درست نہیں تھی۔
واضح رہے کہ نادیہ خان اپنے پہلے شوہر سے دو بچوں، علیزے اور اذان، کی والدہ ہیں، جبکہ بعد ازاں انہوں نے ایک بیٹے کیان کو بھی گود لیا، جسے وہ اپنی زندگی کا اہم حصہ قرار دیتی ہیں۔