لاس اینجلس: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ڈی کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیراگوئے کو 1-4 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا کامیاب آغاز کیا۔
امریکی ٹیم کی کامیابی میں اسٹرائیکر فولارین بالوگن نے مرکزی کردار ادا کیا، جنہوں نے پہلے ہاف میں دو گول اسکور کیے۔
میچ کے ساتویں منٹ میں امریکا کو برتری اس وقت ملی جب کرسچن پولیسیچ کی عمدہ پیش قدمی کے بعد ویسٹن میک کینی کی کراس پر پیراگوئے کے ڈیفینڈر ڈیمیان بوبادیلا نے غلطی سے گیند اپنی ہی ٹیم کے جال میں پہنچا دی۔
امریکا نے اپنی برتری میں اضافہ اس وقت کیا جب پولیسیچ کے خوبصورت کراس پر بالوگن نے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل بالوگن نے ایک اور گول کر کے اسکور 0-3 کر دیا۔
دوسرے ہاف میں پیراگوئے نے بہتر کھیل پیش کیا اور متبادل کھلاڑی موریسیو نے 73ویں منٹ میں گول کر کے خسارہ کم کیا، تاہم امریکی ٹیم نے میچ پر اپنی گرفت برقرار رکھی۔
میچ کے اختتامی لمحات میں جیو رینا نے ایک شاندار گول اسکور کر کے امریکا کی فتح 1-4 سے یقینی بنا دی۔
میچ کے بعد امریکی کپتان ٹم ریم نے کہا کہ ٹیم نے ٹورنامنٹ کا آغاز اپنی توقعات کے مطابق کیا ہے، جبکہ پیراگوئے کے کھلاڑیوں نے آئندہ میچوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا۔