Get Alerts

معیشت درست سمت میں گامزن ، برآمدات اور اصلاحات پر توجہ دی ہے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

معیشت درست سمت میں گامزن ، برآمدات اور اصلاحات پر توجہ دی ہے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور حکومت معاشی استحکام سے ترقی کی جانب بڑھنے کے ہدف پر عمل پیرا ہے۔

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں برآمدات کے فروغ اور ٹیکس نظام کی بہتری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جبکہ 70 ارب روپے کی اضافی سبسڈی بھی فراہم کی گئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اس سال معاشی لحاظ سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور حکومت مسلسل برآمدات پر مبنی گروتھ کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔ ان کے مطابق آئی ٹی برآمدات 4 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور وزیراعظم کی سطح پر سپر ٹیکس کے خاتمے پر اتفاق پایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیرات کا شعبہ معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ زرعی شعبے کی بہتری کے لیے بھی متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔

محمد اورنگزیب کے مطابق زرعی شعبے کے لیے قرضوں کی فراہمی کا حجم 20 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے، جبکہ ویلیو ایڈڈ زرعی مصنوعات پر ٹیکسز میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ کسٹمز نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور صوابدیدی اختیارات میں کمی آئے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر دم تیار رہتے ہیں اور ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن ان کی خصوصی نگرانی میں مکمل کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ٹیم نے ناممکن کو ممکن بنا کر عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، جبکہ پاکستان کے میکرو اکنامک استحکام کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا جا رہا ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یہ بجٹ تمام طبقات خصوصاً صنعت کاروں، مزدوروں، تنخواہ دار طبقے اور عام شہریوں کے لیے ریلیف پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں تمام چیمبرز اور کاروباری برادری سے مشاورت کی گئی ہے۔

ٹیگز: