کرونا دنیا کے 127ممالک تک پھیل گیا، 4979افراد ہلاک،اٹلی میں تعداد1016 ہو گئی

کرونا دنیا کے 127ممالک تک پھیل گیا، 4979افراد ہلاک،اٹلی میں تعداد1016 ہو گئی


ٹورنٹو/روم/بیجنگ/ریاض/منیلا/ کھٹمنڈو/تہران:دنیا بھر میں کورونا وائرس سے4979 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 127ممالک میں ایک لاکھ تینتیس ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں، کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ بھی کرونا کا شکار ہو گئیں۔

نیپالی حکومت نے مائونٹ ایورسٹ پر کوہ پیمائی کے لیے 30 اپریل تک پابندی لگا دی ۔اٹلی میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد1016 ہو گئی۔چین میںکرونا سے مزید آٹھ ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 177 ہو گئی، ایران میں 429، اسپین میں 86، جنوبی کوریا میں 67، اور فرانس میں 48 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکہ میں41، جاپان میں19 اور برطانیہ میں10 افراد ہلاک ہوگئے، افغانستان میں ایک شخص کرونا سے ہلاک ہو گیا،بھارت میں بھی کورونا وائرس سے ایک ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے،سعودی عرب میں کرونا کے شکار افراد کی تعداد 45 ہو گئی۔اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور چوبیس گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے کیسز کی تعداد میں23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اٹلی میں ایک سو نواسی افراد کی ہلاکت کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سولہ ہوگئی ہے۔ایک پاکستانی شہری بھی اٹلی میں ہلاک ہوا ہے۔ اٹلی میں دکانیں اور اسکول بند ہیں، اسپتالوں میں بستروں کی کمی کے پیش نظر محکمہ صحت نے زیادہ عمر والے افراد کو آئی سی یو میں نہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

کرونا دنیا کے 127ممالک تک پھیل گیا، کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ بھی کرونا کا شکار ہو گئیں، صوفی آئسولیشن میں رہیں گی جبکہ جسٹن ٹروڈو نے بھی رضاکارانہ طور پر خود کو 14روز کے لیے قرنطینہ کر لیا۔چین نے امریکہ پرکورونا وائرس کے حیاتیاتی حملے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں امریکی فوج کا ہاتھ ہوسکتا ہے اور امریکہ کو اس کی وضاحت دینی پڑے گی۔

سعودی عرب میں کرونا کے شکار افراد کی تعداد 45 ہو گئی۔عرب میڈیا کے مطابق پاکستان سمیت کئی ممالک کے شہریوں پر سعودی آنے پر پابندی لگا دی گئی، سعودی حکام نے اقامہ ہولڈرز کو 72گھنٹوں میں واپس پہنچنے کا حکم دے دیا۔

فلپائن کے صدر روڈریگو نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے دارالحکومت منیلا کا لاک ڈائون کیا جا رہا ہے۔ نیپالی حکومت نے مائونٹ ایورسٹ پر کوہ پیمائی کے لیے 30 اپریل تک پابندی لگا دی۔بھارتی ریاست کرناٹکا میں 76سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔ بھارت میں کرونا کے شکار افراد کی تعداد 70ہے۔
#/S