تہران : ایران کے فوجی ہیڈ کوارٹرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملک کی توانائی تنصیبات یا بندرگاہوں پر کوئی بھی حملہ کیا گیا تو سخت اور تباہ کن جواب دیا جائے گا۔ ایرانی ترجمان کے مطابق ایسی کارروائی کی صورت میں خطے کے تمام اہم تیل و گیس کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، خاص طور پر وہ تنصیبات جن میں امریکہ اور مغربی ممالک کے مفادات وابستہ ہیں۔
اس سے پہلے ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا تھا کہ اگر ایران کی بجلی تنصیبات پر حملہ ہوا تو پورا خطہ فوری طور پر اندھیرے میں ڈوب جائے گا، جس سے امریکی فوجیوں کے لیے حالات اور بھی خطرناک ہو جائیں گے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر نے ایران کی توانائی صلاحیت کو ایک گھنٹے میں تباہ کرنے کی دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ اگر ایران عالمی تیل کی سپلائی روکنے کی کوشش کرے تو بجلی کی تنصیبات بھی نشانہ بن سکتی ہیں۔